سڈنی (جیوڈیسک) سری لنکا کے عظیم بلے بازوں کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردنے کے کیریئر پر فل اسٹاپ لگ گیا اور جنوبی افریقہ سے ورلڈ کپ کوارٹر فائنل دونوں کا آخری ون ڈے انٹرنیشنل ثابت ہوا۔
اس موقع پر کئی جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، پروٹیز وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کاک میچ کے اختتام پر سنگاکارا سے بغلگیر ہوئے، پویلین واپسی پر بھی دیگر کرکٹرز نے انھیں اور جے وردنے کو خراج تحسین پیش کیا، ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ سے رخصت ہونے پر کمار سنگاکارا نے کہا کے مجھے پورا اعتماد ہے کہ ہماری ملکی کرکٹ بہتر ہاتھوں میں موجود اور اس کا مستقبل روشن ہے، انجیلیو میتھیوز نے اب تک خود کو بہترین کپتان ثابت کیا، اسی کے ساتھ دلشان ابھی مزید کچھ سیزن ملک کیلیے خدمات انجام دے سکتے ہیں۔ سنگاکارا ٹیسٹ کھیلتے رہیں گے جبکہ مہیلا جے وردنے ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب سچن ٹنڈولکر اور ای این چیپل سمیت کئی سابق کرکٹرز نے سنگاکارا اور مہیلا جے وردنے کو ریٹائرمنٹ پر زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ دریں اثنا سنگاکارا نے گزشتہ روز45کی اننگز کھیل کر ورلڈ کپ کی تاریخ میں500یا زائد رنز بنانے والے چھٹے پلیئر کا اعزاز حاصل کر لیا، اس کا وش کے بعد ان کے مجموعی رنز سب سے زیادہ541ہو چکے ہیں، اب تک مجموعی طور پر7مرتبہ500سے زائد رنز بنائے جا چکے، ٹنڈولکر نے یہ کارنامہ 2 مرتبہ 1996 اور 2003 میں انجام دیا، مہیلا جے وردنے، رکی پونٹنگ اور میتھیو ہیڈن نے2007جبکہ تلکارتنے دلشان نے 2011میں 500یا زائد رنز بنائے ہیں۔