سنگا کارا پیپلز پلیئر آف دی ائیر، اینجلو میتھیوز کرکٹر آف دی ائیر قرار

Angelo Mathews

Angelo Mathews

کولمبو (جیوڈیسک) سری لنکا کرکٹ بورڈ نے رواں سال بہترین کرکٹرز کو انعامات سے نوازا۔ کپتان اینجلو میتھیوز کرکٹر آف دی ایئر، کمار سنگا کارا پیپلز پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ کولمبو میں سری لنکا کرکٹ بورڈ کی جانب سے بہترین کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی۔

کپتان اینجلو میتھیوز نے کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ وصول کیا ،انہیں ون ڈے کا بہترین بیٹسمین اورٹی ٹونٹی کا بہترین آل راؤنڈر بھی قرار دیا گیا۔ رواں سال عمدہ کارکردگی پر تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹسمین کمار سنگا کارا کو پیپلز پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

سالانہ ایوارڈز تقریب میں فاسٹ باؤلر لیستھ ملینگا کو ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کا بہترین باؤلر قرار دیا گیا۔

ٹی ٹونٹی پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ کوشال پریرا لے اُڑے۔ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ اینجیلو میتھیوز اور کمار سنگا کارا کو مشترکہ طور پر دیا گیا۔ رنگانا ہیراتھ بہترین ٹیسٹ باؤلر قرار پائے جبکہ نیرو شان ڈیکویلا کو ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ویمنز ون ڈے کی بہترین کھلاڑی چماری اتاپتو جبکہ بہترین باؤلر ششی کلا سری وردھنے رہیں۔