سانگھڑ (جیوڈیسک) سندھ کے ضلع سانگھڑ اور بدین میں آج بلدیاتی انتخابات ہورہے ہیں، انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
ضلع سانگھڑمیں ایک ڈسٹرکٹ کونسل ،4 میونسپل کمیٹیوں ، 11 ٹاوُن کمیٹیوں اور 73 یونین کونسلوں جبکہ ضلع بدین کی2 ٹاؤن کمیٹیوں، 4 یونین کونسلوں کے 31 وارڈ میں پولنگ کا عمل صبح ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا، جو شام ساڑھے 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔
بدین میں انتخابی عملے نے کئی مسائل سے دوچار ہونے کے باوجود انتظامی کام ذمے داری سے انجام دیا، تلہارمیں ریٹرننگ آفیسر کے دفتر میں بجلی معطل ہونے کے باعث انتخابی افسران نے موبائل کی روشنی میں انتخابی فہرستیں دیکھ کر سامان کی ترسیل کی۔
مختلف علاقوں کے46 پولنگ اسٹیشنوں میں سے30 انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں، اس کےباوجودتلہار وارڈ 5 کاپولنگ اسٹیشن نمبر 9 نجی شوگر مل کے ایک اسکول میں قائم کردیا گیا۔3 گھنٹے انتظار کے باوجود سیکیورٹی نہ ملنے پرریٹرننگ آفیسر کے دفتر سے انتخابی سامان خود لےکر آئے ہیں۔
سانگھڑ میں بھی معمول سے زیادہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا، شام کے بعد بعض پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچنے والے عملے کو اندھیرے کی وجہ سے شدید پریشانی کا سامنا رہا تاہم عملے کے ارکان ٹارچ کی روشنی میں الیکشن کی تیاریاں کرتے نظر آئے۔