یوسی 245 خالق نگر میں سینٹری ورکرز کی کام سے عدم دلچسپی کی وجہ سے گلی محلوں میں گندگی کے ڈھیر

Lahore

Lahore

لاہور: سینٹری ورکرز کی کام سے عدم دلچسپی کی وجہ سے گلی محلوں میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے،عرصہ دراز سے نالیوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے گندا پانی گلیوں میں جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا۔

تفصیلات کے مطابق یونین کونسل 245 خالق نگر میں اس وقت درجنوں کے حساب سے سینٹری ورکرز کام کررہے ہیں جن میں ڈیلی ویجز کے طور پر کام کرنے والے بھی سینٹری ورکرز شامل ہیں مگر اس کے باوجودخالق نگرکی گلی محلوں میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جبکہ نالیوں کی عرصہ دراز سے صفائی نہ ہونے کی وجہ سے نالیاں گھارا سے بھر چکی ہیں جس کی وجہ سے نالیوں کا گندا پانی گلیوں میں جمع ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

جبکہ تنخواہیں لینے والے سینٹری ورکرز کہیں بھی نظر نہیں آتے جو زیادہ تر اپنے آفیسران کو خوش کرکے پرائیویٹ کاموں میں مصروف دکھائی دیتے ہیں جبکہ بعض بااثر افراد کے ڈیروں، رہائش گاہوں پر کام کرتے دکھائی دیتے ہیں۔نالیوں اور گندگی کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے عوام مجبور ہوکر سرکاری سینٹری ورکروں کو نذرانہ دے کر صفائی کرا رہے ہیں دوسری طرف ان سینٹری ورکروں سے پوچھ گچھ نہ ہونے کے برابر ہے،عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔