سنجو نے عامر اور سلمان خان کو پچھاڑ دیا

Sanju

Sanju

ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ اداکار رنبیر کپور کی فلم ’سنجو‘ نے عامر خان کی ’پی کے‘ اور سلمان خان کی’ٹائیگرزندہ ہے‘ کو کمائی میں پیچھے چھوڑ دیا۔

سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ تقریباً 28 روز سے سنیما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہے اور فلم کے شوز اب بھی جاری ہیں۔

فلم باکس آفس پر پہلے روز سے ہی کمائی کے ریکارڈ بنارہی ہے اور اب فلم نے بلاک بسٹر فلموں ’ٹائیگر زندہ ہے‘ اور ’پی کے‘ کو بزنس میں مات دے دی ہے۔

رنبیر کپور کی فلم ’سنجو‘ 339کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے سے زائد کا بزنس کرکے ’دنگل‘ کے بعد دوسری بڑی بالی وڈ فلم بن گئی ہے۔

عامر خان کی ’پی کے‘ نے 339 کروڑ 50 لاکھ بھارتی روپے جب کہ سلمان خان کی ’ٹائیگر زندہ ہے‘ نے 339 کروڑ 16 لاکھ بھارتی روپے سے زائد کی کمائی کی تھی۔

’سنجو‘ کی اب نظریں فلم ’دنگل‘ کی کمائی پر ہیں جو کہ سب سے بڑی بالی وڈ فلم ہے جس نے 370 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا بزنس کیا ۔

یاد رہے کہ ’سنجو‘ رنبیر کپور کی بھی سب سے بڑی فلم ہے جو کہ باکس آفس پر بلاک بسٹر ثابت ہوئی ہے۔