لاہور : اسلامی جمعیت پاکستان کے نو منتخب ناظم اعلیٰ صہیب الدین کاکا خیل نے کہا ہے کہ ثاقبہ رحیم کا قتل لڑکیوں کی تعلیم کے لئے ایک زہر قاتل ہے۔صوبائی حکومت اور بیورو کریسی طالبہ کے قاتل ہیں ، جن کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے اور غیر جانبدار جوڈیشل کمیشن سے واقعہ کی تحقیق کراتے ہوئے ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ ان گنت مقدمات کی طرح ثاقبہ کیس کی فائل بھی وقت کی دھول میں دب کر رہ جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثاقبہ رحیم کے والدین سے ملاقات اور تعزیت کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرلز کالج مسلم باغ کی انتظامیہ کے غلط رویے کے باعث خودکشی کرنے والی طالبہ کے حوالے سے بلوچستان اسمبلی میں پیش کی جانے والے قرارداد کا مسترد ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ ایوانوں میں براجمان سیاست دان اس میں براہ راست ملوث ہیں۔صوبے میں تعلیم کا محکمہ پہلے ہی تباہ تھا اب بے جا مداخلت اور اقرباء پروری سے رہی سہی کسر پوری کی جارہی ہے۔
ثاقبہ کی خودکشی کی تحقیقات کرنے کے لئے حکومت نے جو کمیٹی بنائی ہے اْس پر طالبہ کے والدین اور بھائیوں نے عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے عدالتی کمیٹی کا مطالبہ کیا ہے اس لئے حکومت اس معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرے،انہوں نے این جی اوز اور دیگر انسانی حقوق کے اداروں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ زمین پھٹی نہ آسمان رویا ، اقتدار کے ایوانوں میں ہلچل مچی نہ انصاف ملا۔ ایک ہنستی مسکراتی زندگی پرنسپل کی انا ، ہٹ دھرمی اور ضد کے باعث منوں مٹی تلے جا سوئی۔
صوبے میں تعلیمی سہولیات کے فقدان کے باعث طالبات اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ پاتیں ثاقبہ کی خود کشی کے بعد ملک بھر کی طالبات خوف و ہراس اور مایوسی کا شکار ہیں جس کی ساری ذمہ داری بلوچستان حکومت پر عائد ہوتی ہے۔۔ناظم اعلیٰ صہیب الدین کاکا خیل نے گورنمنٹ کالج مسلم باغ کی طالبہ ثاقبہ کاکڑ کی خود کشی پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ تعلیم کا دہرا معیار اور تعلیمی سہولیات کا فقدان طلبہ و طالبات میں احساس محرومی پیدا کر رہا ہے۔ ثاقبہ کی خود کشی دراصل صوبائی محکمہ تعلیمی کی نااہلی اور ناکامی کا ثبوت ہے۔ ثاقبہ کے قتل کو سیاسی رنگ دے کر پاکستان مخالف ایجینڈے کی تکمیل کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے جو کہ ملک کے لئے نقصان دہ ہے۔
صوبے میں تعلیم کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ صہیب الدین کاکا خیل آج اظہار تعزیت کے ثاقبہ کے والدین سے ملیں گے ، اور صوبائی محکمہ تعلیم کو خط بھی لکھیں گے۔دریں اثنا ء ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صہیب الدین کاکا خیل کی اپیل پر ملک بھر میں ثاقبہ کو انصاف دلانے کے لئے مظاہرے کئے گئے جن میں صوبائی حکومت کی پشت پناہی میں طالبات کے مستقبل سے کھیلے جانے والے بھیانک کھیل کی مذمت کی گئی اور عدالت عظمیٰ اور وفاقی حکومت سے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔
سید امجد حسین بخاری مرکزیسیکرٹری اطلاعات اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان 0334-5019016