لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو بہتر بنانے کیلیے مزید 15 روز تک کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس دوران سابق اسٹار ثقلین مشتاق انکی رہنمائی کرتے رہیں گے،آف اسپنر کے ایکشن کی کلیئرنس کے حوالے سے مکمل یقین ہونے کے بعد ہی انھیں ابتدائی ٹیسٹ کیلیے آئی سی سی کی منظور شدہ انگلینڈ کی بائیو مکینک لیبارٹری میں بھیجا جائیگا۔ گذشتہ روز پی سی بی کرکٹ کمیٹی میٹنگ میں سعید اجمل کے ایکشن کی درستگی کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، کمیٹی کی دعوت پر چیئرمین پی سی بی شہر یار خان، گورننگ بورڈ کے رکن نجم سیٹھی، منصور مسعود، سی او او سبحان احمد، محمد اکرم اور علی ضیا نے اجلاس میں شرکت کی۔
کرکٹ کمیٹی کے ارکان شکیل شیخ، اقبال قاسم، انتخاب عالم، ذاکر خان اور ہارون رشید نے سعید اجمل کے ایکشن کی درستگی کے حوالے سے ہونے والے کام پر بریفنگ دی۔ شکیل شیخ نے شرکا کو بتایا کہ سعید اجمل کے ایکشن کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں موجود ٹو ڈی کیمروں سے مانیٹر کیا گیا جس سے نمایاں بہتری دکھائی دی، مکمل یقین ہونے کے بعد ہی انھیں تھری ڈی کیمروں سے مزین لیبارٹری میں حتمی ٹیسٹ کیلیے بھیجا جائے گا۔