لاہور (جیوڈیسک) معروف اداکارہ وماڈل سارہ لورین نے پاکستانی فلم میں کام کرنے کا گرین سگنل دیدیا۔ وہ آئندہ برس کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک معروف پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بنائی جانے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کرینگی۔
انھوں نے کہا کہ بالی وڈ میں دونئی فلمیں سائن کی ہیں لیکن اس کے باوجود مجھے ایک بہت ہی اچھے اور منفرد موضوع پربننے والی فلم میں اہم کردار آفر کیا گیا تھا۔ اس فلم کی کہانی اور میرا کردار بہت جاندارتھا اسی لیے میں نے فلم میں کام کرنے کی رضامندی ظاہرکی تھی۔
فلم مکمل طورپرکمرشل طرز پر بنائی جائے گی اوراس کے میوزک پربھی خاص توجہ دی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ فلم کی شوٹنگ کراچی اورشمالی علاقہ جات کے علاوہ دبئی، برطانیہ اور فرانس میں ہوگی۔ بڑے بجٹ سے بننے والی فلم میں جہاں پاکستانی فنکارکام کرینگے۔
وہیں ایک غیرملکی اداکارہ پر آئٹم سانگ بھی فلمبند کیا جائے گا۔ جہاں تک بات جدید ٹیکنالوجی اورسپیشل ایفیکٹس کی ہے تواس کے لیے بھی پروڈکشن ہاؤس کچھ غیرملکی ماہرین کی خدمات حاصل کریں گے۔