لاہور(جیوڈیسک)لاہورکوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں کے حملے میں شدید زخمی ہونے والے بھارتی دہشت گرد سربجیت سنگھ کے لیے ڈاکٹروں نے اگلے 24 گھنٹے انتہائی اہم قرار دیئے ہیں۔لاہور کے جناح اسپتال میں زیرِ علاج سربجیت سنگھ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، پولیس نے بھارتی قیدی سربجیت سنگھ پرقاتلانہ حملے کا مقدمہ درج کرلیا۔
مقدمہ اقدام قتل کی دفعہ324اور34کے تحت درج کیاگیا،مقدمہ تھاناکوٹ لکھپت میں مرکزی ملزمان عامر اور مدثر کے خلاف درج کیاگیا۔ عامر تانبا سزائے موت کا قیدی ہے وہ قتل،ڈکیتی اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
سربجیت کی بیٹی سواپنا دیپ سنگھ نے کہا ہے کہ انہیں چند روز قبل ہی ان کے والد نے پیغام دیا تھا کہ انہیں ساتھی قیدیوں کی طرف سے حملے کا خدشہ ہے۔پاکستان کی وزارت خارجہ نے بھارتی ہائی کمیشن کو سربجیت سنگھ تک قونصلر رسائی دے دی تھی۔
بھارتی ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکرٹری سی ایس داس نے جناح اسپتال کا دورہ کرکے سربجیت کی عیادت کی اور ڈاکٹروں سے ملاقات کی۔ اس سے پہلے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان اکبر الدین نے کہا تھا کہ وہ اس معاملے پر پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں۔