ممبئی (جیوڈیسک) فلم کے حوالے سے جاری تنازع نے سارہ علی خان کے کیریئر کو مشکل میں ڈال دیا ہے اور ان کی والدہ امریتا سنگھ بھی اس صورتحال سے پریشان ہیں۔ پہلی فلم کی شوٹنگ اور نمائش کھٹائی میں پڑجانے کے بعد سارہ بھی فکر مند ہیں کیوں کہ وہ اس فلم کی نمائش تک کسی اور فلم کو سائن نہ کرنے کی پابند ہیں جب کہ ان کی کوشش ہے کہ جلد سے جلد بڑے بینر کی فلم تلاش کی جائے۔
واضح رہے کہ سیف علی خان کی صاحبزادی سارہ علی خان فلمی کیریئر کا آغاز ’کیدر ناتھ‘ سے کر رہی ہیں جس کی شوٹنگ بھی جاری تھی تاہم فلم کے ہدایت کار اور پروڈکشن کمپنی کے درمیان جھگڑوں کی اطلاعات آ رہی ہیں۔ فلم میں سارہ علی خان کے مدمقابل سشانت سنگھ راجپوت مرکزی کردار کررہے ہیں جب کہ فلم اس سال نمائش کے لیے پیش کی جانی تھی۔
پروڈکشن کمپنی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہدایت کار ابھیشیک کپور نے فلم کی پروڈکشن میں دیر کی ہے جس کی وجہ سے فلم کو شروع سے ہی نقصان اٹھانا پڑا ہے لیکن اس کے باوجود فلم کے لیے پیسے دیتے رہے تاہم انہیں خرچ کہیں اور کیا جارہا تھا۔ پروڈکشن کمپنی کے مطابق ہدایت کار ابھیشیک کپور اور ان کی کمپنی کے خلاف اگلے ہفتے بمبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔