ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ سارہ علی خان نے مہنگے ترین سوٹ کے بجائے سستا ترین سوٹ پہن کر سب کو حیران کر دیا۔
بالی ووڈ انڈسٹری کا نام سنتے ہی ذہن میں فوراً امیرانہ طرز زندگی کا تصور قائم ہوجاتا ہے اور اس تصور کی وجہ بھی خود فنکار ہی ہیں جو اکثر و بیشتر لاکھوں روپے کے ملبوسات پہنے دکھائی دیتے ہیں لیکن سارہ علی خان نے بالی ووڈ کی اس روایت کو بر قرار رکھنے کے بجائے سستا ترین سوٹ زیب تن کرکے نئی روایت کی راہ ہموار کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ سارہ علی خان نے حال ہی میں ایک شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ میں کفایت شعار ہوں اور عام طور پر مہنگے و جدید فیشن کے بجائے سستے لباس خریدنا پسند کرتی ہوں۔
سارہ کی کفایت شعاری کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اداکارہ نے جس لباس کو پہن کر شو میں شرکت کی وہ مشہور برطانوی فیشن ڈیزائنر کا ہے جس کی حالیہ قیمت اُن کی ویب سائٹ کے حساب سے 643 روپے ہے۔
یاد رہے کہ فلم ’کیدر ناتھ‘ سے ڈیبیو کرنے والی اداکارہ سارہ علی خان فلم سمبا میں بھی بہترین اداکاری کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ سارہ کو معروف ہدایت کار ڈیوڈ دھون کی فلم ’قلی نمبر ون‘ کے سیکوئل میں کاسٹ کرلیا گیا ہے۔