لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ وماڈل سارہ لورین کو بالی ووڈ کے بعد بھارتی فیشن انڈسٹری کی طرف سے اہم پراجیکٹس میں سائن کرلیا گیا۔ حال ہی میں ہونے والے ’’ لیک می فیشن ویک‘‘ کے دوران بالی ووڈ کی مقبول اداکاراؤں کے ساتھ ساتھ سارہ لورین کو بھی بطور مہمان ماڈل کے مدعو کیا گیا۔
شو میں موجود شرکاء نے سارہ کی بہترین ڈریسنگ کے ساتھ ریمپ پرآمد پر بھرپور داد دی۔ سارہ لورین نے بتایا کہ بالی ووڈ میں کامیاب انٹری کے بعد میں یہاں معمول کے مطابق کام کررہی ہوں لیکن پاکستان کی طرح یہاں بھی میں ایک ہی بات پرقائم و دائم ہوں کہ میں چاہے کم کروں لیکن وہ بہت معیاری ہو، یہی وجہ ہے کہ مجھے آئے دن فلموں میں اہم کرداروں کی پیشکش ہوتی ہے
مگر میں بہت سوچ سمجھ کر فلم اور دیگر پراجیکٹس سائن کرتی ہوں۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت میں بالی ووڈ کے ساتھ ساتھ بھارتی فیشن انڈسٹری کے ساتھ بھی بہت سے اہم پراجیکٹس میں کام کررہی ہوں۔
ایک طرف مختلف برانڈز کے فوٹوشوٹس جاری ہیں تو دوسری جانب تشہیری کمرشلز میں بھی بطورماڈل پرفارم کررہی ہوں لیکن اس کا یہ قطعی مقصد نہیں ہے کہ میں فلموں کے بجائے اب فیشن انڈسٹری میں کام کرنے کو ترجیح دے رہی ہوں۔ میں ایک اداکارہ اور ماڈل کی حیثیت سے کام کرتی ہوں اور جب بھی کوئی مجھے معیاری کام کی آفرکرتا ہے تو میں ضرورکام کرتی ہوں۔ انھوں نے کہا کہ بالی ووڈ کی دونئی فلموں کی شوٹنگز کا سلسلہ بھی جاری ہے جب کہ بھارت سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں ہونیوالے گرینڈ میوزک پروگراموں میں بھی حصہ لے رہی ہوں۔
ا سٹیج پر لائیو پرفارم کرنا بے حد مشکل ہے لیکن میں نے اس کے لیے بہت محنت کی ہے اورباقاعدہ ڈانس کی تربیت بھی حاصل کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل عیدالفطر کے دوران جب میں دبئی میں تھی تومیں نے ایک گیت میں ماڈلنگ کا بھی معاہدہ کیا تھا جس کی شوٹنگ آئندہ ماہ دبئی میں کی جائے گی۔ دیکھا جائے تو فلم اور فیشن انڈسٹری دو الگ شعبے ہیں اوردونوں میں کام کرنے کا انداز بھی الگ ہے لیکن مجھے دونوں شعبوں میں منفرد اور نمایاں کام کرنا پسند ہے۔