اسلام آباد (جیوڈیسک) ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاور نے سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ سابق اٹارنی جنرل سردار خان قتل کیس کے مرکزی ملزم روح اللہ کی موجودگی کا پتہ چل چکا ہے،گرفتاری کیلئے افغان حکام سے رابطے میں ہیں۔
چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے سابق اٹارنی جنرل سردار خان قتل کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ پاکستانی وزارت خارجہ کا افغان حکام سے رابطہ ہوا ہے، اس رابطے سے فی الحال کوئی نتیجہ نہیں نکلا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاور نے بتایا کہ ملزم روح اللہ کی گرفتاری کیلئے افغان حکام سے خط و کتابت جاری ہے، ملزم روح اللہ کی موجودگی کا پتہ چل چکا ہے۔
افغان حکام کے جواب کا انتظار ہے، جسٹس خلجی عارف حسین نے ریمارکس دیئے کہ معاملے کو سنجیدگی سے دیکھیں تو پھر اس کا کوئی نتیجہ نکلے گا۔عدالت نے کیس کی سماعت 3 ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔