پشاور (جیوڈیسک) سردار مہتاب احمد خان نے خیبرپختونخواکے نئے گورنرکی حیثیت سے اپنے عہدے کاحلف اٹھالیا ہے جنہوں نے قبائلی علاقوں میں قیام امن ، سماجی واقتصادی ترقی اوربحالی وتعمیرنو کواپنی ترجیحات قراردیا ہے۔
پشاورہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس مظہرعالم میاں خیل نے سردار مہتاب احمد خان سے ان کے عہدے کا حلف لیا تقریب میں وزیراعلی خیبرپختونخو اپرویز خٹک، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، کورکمانڈر پشاور، وفاقی وزراء، سیاسی ومذہبی رہنماوٴں، غیر ملکی سفارتکاروں، اعلیٰ حکام اور قبائلی مشران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نئے گورنرنے اپنی ترجیحات کا اعلان کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا جوفاٹا کے چیف ایگزیکٹوبھی ہیں کا کہناتھا کہ طالبان سے ہونے والے مذاکرات طویل، پیچیدہ اور صبر آزماہیں اوراس کے کئی حساس پہلوہیں جن پرعوام کے سامنے بات نہیں ہونی چاہیئے۔
سردارمہتاب احمد خان کی تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وفاقی وزراء کی شرکت نے نہ صرف نئے گورنر کی سیاسی اورسرکاری اہمیت کاواضح پیغام دیا بلکہ صوبہ کے آئینی سربراہ کے عہدے پر مسلم لیگ ن کے ایک سینئر رہنما کی تقرری سے عوامی سطح پر نمایاں کم حمایت پانے والی پارٹی میں ایک نئی جان بھی پیداہو نے کا امکان ہے۔