دہلی (جیوڈیسک) وکٹ کیپر سرفراز احمد کے پاکستانی ٹی 20 کپتان بننے پر بھارت میں بھی جشن منایا گیا، بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع اٹاوہ میں رہائش پذیر ان کے ماموں محبوب حسن صدیقی بھی اپنے بھانجے کی تقرری پر بے انتہا خوش دکھائی دیے۔
انھوں نے کہا کہ ہمیں سرفراز کے کپتان بنائے جانے کی انتہائی خوشی ہے، جیسے ہی خبر سامنے آئی محبوب حسن کی بہن نے انھیں فون کر کے یہ خوشخبری دی، انھوں نے کہا کہ ہماری آنکھوں میں خوشی سے آنسو آگئے۔
محبوب حسن اٹاوہ کی بھیم راؤ زرعی انجینئرنگ کالج میں سینئرکلرک ہیں، انھوں نے بتایا کہ خبر ملتے ہی آس پڑوس کے لوگ ان کے گھر آنے لگے اور مٹھائیاں تقسیم ہونی شروع ہوگئیں،انھوں نے کہا کہ گذشتہ سال 19 مئی کو وہ سرفراز کی شادی میں کراچی گئے تھے، سرفراز سات بھائی بہنوں میں تیسرے نمبر پر ہیں.
محبوب حسن اور ان کی فیملی موہالی میں پاکستان اورآسٹریلیا کا میچ دیکھنے کے لیے بھی گئی تھی، جہاں وہ اپنے بھانجے سرفراز سے مل کر بہت خوش تھے، اس سے پہلے سرفراز 2007 میں ایک میچ میں گوالیار آئے اور وہاں بھی محبوب حسن ان سے ملنے گئے تھے۔