سرفراز کی برطرفی، مصباح نے تمام تر ملبہ احسان مانی پر ڈال دیا

 Misbah-ul-Haq

Misbah-ul-Haq

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹانے کا تمام تر ملبہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی پر ڈال دیا۔

دورہ آسٹریلیا کیلیے قومی اسکواڈز کا اعلان کرنے کے موقع پر پریس کانفرنس کے آغاز میں انھوں نے کہا کہ سرفراز احمد کو ہٹائے جانے کے بارے میں میڈیا میں بہت سے باتیں گردش کررہی ہیں، اس حوالے سے وضاحت کرنا چاہوں گا کہ میری، چیئرمین پی سی بی اور چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کی وکٹ کیپر بیٹسمین کے بارے میں کافی بات چیت ہوئی۔ ہم نے معاملات کا جائزہ لیا لیکن کپتان کے بارے میں حتمی فیصلہ احسان مانی کی صوابدید ہے۔

انہوں نے کہا بورڈ کے سربراہ نے اپنے بیان میں خود بھی واضح کیاکہ سرفراز احمد کو ہٹانے کا فیصلہ صرف ان کی ناقص فارم کی بنیاد پر کیا، میڈیا میں کئی تھیوریز چل رہی ہیں مگر اس میں کوئی سازش نہیں تھی، میں نے ہمیشہ وکٹ کیپر بیٹسمین کو سپورٹ کیا، ان کی بطور کپتان ملک کیلیے خدمات بھی ہیں، سیدھی سی بات ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ ہورہی ہے، اپنی فارم بحال کریں تو قومی ٹیم کے دروازے کھلے ہیں، یہ پیغام سرفراز احمد اور سب کیلیے ہے۔