کراچی (جیوڈیسک) دورہ نیوزی لینڈ کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور فاسٹ باؤلر رومان رئیس کراچی پہنچ گئے جبکہ دیگر کھلاڑی دبئی سے لاہور اور اسلام آباد پہنچے۔سرفراز احمد نے کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا کیساتھ گفتگو سے گریز کرتے ہوئے بتایا کہ بورڈ نے انہیں میڈیا کیساتھ بات کرنے سے منع کیا ہے۔
اس موقع پر رومان رئیس کا کہنا تھا کہ بھرپورکوشش کی لیکن ون ڈے سیریز میں کبھی با ؤلنگ نہ چلی تو کبھی بیٹنگ ناکام ہوگئی ،ٹی 20 میں دوبارہ نمبر ون ٹیم بننے کی بے حد خوشی ہے ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا پاکستان کے ساتھ سیریز سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم ویسٹ انڈیز کو شکست دے چکی تھی اور اس کا مورال بلند تھا۔
اگرچہ ہم نے بھرپور کوشش کی لیکن ون ڈے سیریز میں قسمت نے ساتھ نہ دیا ،ایک سوال کے جواب میں رومان رئیس نے کہا اس میں کوئی شک نہیں کہ کنڈیشنز مختلف تھیں لیکن آخری دو ٹی 20میچوں میں قومی کھلاڑیوں نے غلطیوں سے سبق سیکھ لیا تھا اور شاید یہی وجہ ہے کہ ہم ناصرف سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئے بلکہ ٹی 20رینکنگ میں دوبارہ پہلی پوزیشن بھی حاصل کرلی ۔انہوں نے کہا بیٹنگ کیساتھ ساتھ آخری دو میچوں میں با ؤلنگ بھی شاندار رہی جہاں تمام کھلاڑیوں نے مل کر حریف بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچایا اور انہیں اہداف حاصل کرنے کا موقع نہ دیا ۔