اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ انہیں اگر لگا کہ پاکستان ٹیم ان کی وجہ سے ہار رہی ہے تو وہ خود ہی کپتانی چھوڑ دیں گے۔
کراچی میں ایک کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب میں سرفراز احمد نے کہا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کے دونوں ٹیسٹ میچ اپنی غلطیوں سے ہارے، سیریز ہارنے والی نہیں تھی لیکن ان غلطیوں سے سبق سیکھ کر آئندہ بہتر نتائج کی کوشش کریں گے۔
سرفرا زاحمد نے کہا کہ اگر وہ رزلٹ نہیں دیں گے تو انہیں کوئی نہیں رکھے گا، وہ بھی اگر محسوس کریں گے کہ پاکستان ان کی وجہ سے ہار رہا تو ٹیم کی قیادت چھوڑ دیں گے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ جنوبی افریقا میں مقابلہ آسان نہیں، سب سےاہم یہ ہے کہ ٹیم وہاں بڑے دل کے ساتھ مثبت کرکٹ کھیلے۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف تین میچز کی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو 1-2 سے شکست ہوئی تھی جس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم وطن پہنچ چکی ہے۔
وطن واپسی پر کپتان سرفراز نے کہا تھا کہ صرف کپتان نہیں بلکہ پوری ٹیم کی کارکردگی سے فرق پڑتا ہے، ہمارے بیٹسمینوں کو زیادہ اسکور کرنا چاہیے تھا، لمبی اننگز نہ کھیلنے کے باعث ٹیسٹ میں شکست ہوئی۔
دوسری جانب چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بھی عندیہ دے دیا ہے کہ اگر ٹیم کی پرفارمنس یہی رہی تو ٹیم میں تبدیلیاں آئیں گی۔