لاہور میں مبینہ پولیس مقابلہ، 4 ڈاکو ہلاک

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں سی آئی اے پولیس نے ایک مبینہ مقابلے میں چار ڈاکو مار ڈالے، مردہ خانے لے جاتے ہوئے ایک ڈاکو معجزاتی طور پر زندہ ہو گیا اور بچاوٴ بچاوٴ کی آوازیں لگاتا رہا، لیکن مردہ خانے پہنچ کر وہ بھی دم توڑ گیا۔

سرفراز نامی ڈاکو کی موت کا اعلان پولیس کرچکی تھی، اس کے ساتھیوں کی لاشیں پولیس وین میں ڈالی جارہی تھیں کہ وہ اٹھ بیٹھا اور مدد کے لئے پکارتا رہا لیکن پولیس اس کے اوپر دوسری لاش ڈال کر مردہ خانے لے گئی، وہاں تک پہنچتے پہنچتے وہ بھی مردہ ہو گیا۔

اسی طرح ایک مردہ ڈاکو کی ہتھکڑی بھی بعد میں کھولی گئی۔ دوسری طرف پولیس کے مطابق 237 مقدمات میں ملوث زیر حراست ملزم عمران جھنگوی کو دیگر ملزموں کی نشاندہی کے لئے مورچہ سٹاپ بادامی باغ لے جایا جارہا تھا کہ ایک مکان سے اسکے ساتھیوں سرفراز، اکمل اور عمران عرف علی نے فائرنگ کر دی ، فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار ہی ڈکانسٹیبل افتخار احمد اور کانسٹیبل مختار زخمی ہو گئے، جبکہ چاروں ڈاکو مارے گئے۔