سرگودھا:کالعدم تنظیم کے مولانا عبدالحمید قاتلانہ حملے میں محفوظ، دو کارکن ہلاک,تین زخمی

Sargodha

Sargodha

سرگودھا (جیوڈیسک) سرگودھا میں کالعدم تنظیم کے مرکزی نائب صدر مولانا عبدالحمید قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے جبکہ ان کے دو ساتھی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے، کالعدم تنظیم کے کارکنان بڑی تعداد میں ہسپتال پہنچ گئے۔

سرگودھا میں سٹی روڈ پر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی پر جاتے ہوئے کالعدم تنظیم کے کارکنان کی کار پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس کے باعث کار میں سوار 2 افراد موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ 3 افراد کو زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں کالعدم جماعت کے کارکنان کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی ہے۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد شہر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، فائرنگ کا نشانہ بنائے جانیوالی گاڑی سے کالعدم تنظیم کے جھنڈے اور لٹریچر بھی ملا ہے۔پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر ابتدائی کارروائی شروع کر دی ہے۔

ڈی پی او راجہ بشارت کے مطابق فائرنگ واقعے میں کالعدم تنظیم کا مرکزی نائب صدر مولانا عبدالحمید محفوظ ہے، واقعہ میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کے لیے ایس پی ممتاز ڈیو کی قیادت میں ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔