سرگودھا میں مسیحاؤں کی لڑائی نے 4 مریضوں کی جان لے لی

Sargodha

Sargodha

سرگودھا (جیوڈیسک) سرگودھا کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ینگ ڈاکٹرز کی ہٹ دھرمی نے 4 افراد کی جان لے لی ، ساتھی ڈاکٹر کو برطرف کیے جانے پر ینگ ڈاکٹرز نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کو زبردستی بند کرانے کی کوشش کی جس پر ینگ اور سینئر ڈاکٹرز کی ہاتھا پائی ہوئی، ایک دوسرے پر مکوں اور تھپڑوں کی بارش کی گئی جس سے ہسپتال میں بھگدڑ مچ گئی۔

طبی سہولیات نہ ملنے پر ایمرجنسی وارڈ میں 4 مریض دم توڑ گئے ۔ جبکہ سینئر اور ینگ ڈاکٹر میں جھگڑا شدت اختیار کرنے پر ہسپتال کی ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور بند کر دیا گیا۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی، اس سے پہلے پولیس نے متعدد افراد کو حراست میں لیا اور اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال پہنچ کر کام شروع کرایا ، تاہم اس دوران ڈاکٹرز پھر مشتعل ہو گئے اور ڈی ایچ کیو اسپتال ایمرجنسی کا میڈیکولیگل رجسٹر اٹھا کر غائب ہو گئے ۔

ہسپتال انتظامیہ نے ریکارڈ غائب کرنے والے ڈاکٹرز کے خلاف اندراج مقدمہ کے لیے رجوع کر لیا ہے ۔ ہسپتال میں کشیدہ صورتحال کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، دور دراز سے آنے والے مریض خوار ہوتے رہے۔