سرگودھا میں دربار پر فائرنگ سے بریگیڈیئر سمیت 3 افراد جاں بحق، 7 زخمی

Sargodha

Sargodha

سرگودھا (جیوڈیسک) نامعلوم افراد کی دربار پر فائرنگ سے بریگیڈیئر اور ان کے بھائی سمیت 3 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔

سرگودھا کے نواح میں واقع دربار آستانہ فضل میں محفل سما ہو رہی تھی کہ اسی دوران 5 موٹر سائیکل سوار افراد نے اندر داخل ہو کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں سجادہ نشین بریگیڈیئر فضل ظہور اور ان کے بھائی فضل سبحانی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، پولیس کی ملزمان کو پکڑنے کی کوشش پر مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ سے 7 افراد زخمی بھی ہوئے جبکہ حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں کا بھی آغاز کردیا ہے۔