سرگودھا (جیوڈیسک) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں مزید 3 بچے دم توڑ گئے جس کے بعد 3 روز میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔
سرگودھا کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں آج بھی مزید 3 بچے دم توڑ گئے جس کے بعد گزشتہ 3 روز میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 15 ہو گئی ہے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں میں 2 روز کی میمونہ اور جڑواں بہن بھائی شامل ہیں۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ بچوں کی ہلاکتیں آکسیجن پوری نہ ملنے کے باعث ہوئی ہیں جب کہ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بچوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال لایا جاتا ہے جس کی وجہ سے ان کی اموات واقع ہو جاتی ہے۔
دوسری جانب بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ اسپتال انتظامیہ نے ایک ایک انکیو بیٹر میں 3،3 بچے رکھے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے بچوں کی آکسیجن پوری نہیں ہو پاتی اور ان کی اموات واقع ہو جاتی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سرگودھا کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں 3 بچے جاں بحق ہو گئے تھے۔