سرگودھا (جیوڈیسک) ایف آئی اے نے سرگودھا میں چھاپہ مارکر 9 گیٹ وے ایکسچینجز پکڑلیں، غیرقانونی سمیں اور ٹیکنیکل سامان بھی قبضے میں لے لیا۔ لاہور میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سمیع الرحمان کے مطابق سرگودھا کے الحمرا پارک میں گیٹ وے ایکسچینجز کی اطلاع پر لاہور کی ایک ٹیم نے چھاپہ مارا تو ملزمان عمر منظور اور میاں حسن نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔
اور ملزمان فرار ہو گئے۔ چھاپہ مار ٹیم نے موقع سے 9 گیٹ وے ایکسچینجز، غیرقانونی سمیں اور ٹیکنیکل سامان قبضے میں لے لیا۔ تفتیش جاری ہے، شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی ملی بھگت سے یہ دھندہ چلایا جا رہا تھا۔ ایف آئی اے نے سیالکوٹ میں چھاپہ مار کر غیر قانونی طور پر کام کرنے والے منی چینجر کو گرفتار کرلیا اور بھاری غیر ملکی کرنسی قبضے میں لیلی۔