سرگودھا: مزید دو نومولود دم توڑ گئے، تعداد 10 ہو گئی

Children

Children

سرگودھا (جیوڈیسک) سرگودھا کے گورنمنٹ ٹیچنگ اسپتال میں معصوم کلیاں کھلنے سے پہلے ہی مرجھانے لگیں۔ نومولود بچوں کی اموات پر لواحقین سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ اموات انکوبیٹرز کی کمی کے باعث ہوئیں۔ اسپتال میں ساٹھ بچے داخل تھے جبکہ انکوبیٹرز کی تعداد صرف پانچ ہے۔

سرگودھا میں زچگی کیلئے واحد سرکاری اسپتال گورنمنٹ مولابخش اسپتال ہے جہاں بچوں کیلئے نرسری وارڈ ہی نہیں ہے جس کی وجہ سے بچوں کو آدھا کلومیٹر دور ڈسٹرکٹ ٹیچنگ اسپتال میں منتقل کیا جاتا ہے۔ ڈسٹرکٹ ٹیچنگ اسپتال میں نرسری تو موجود ہے لیکن خواتین وارڈ نہیں۔ اس افسوسناک صورتحال کے باعث گزشتہ برس بھی ایک سو اکاون بچے جاں بحق ہو گئے تھے۔

دنیا نیوز پر خبرنشر ہونے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے پچھلے سال گورنمنٹ مولابخش اسپتال میں نرسری بنانے کا حکم دیا لیکن اس پر ابھی تک عمل درآمد نہیں ہوا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے حالیہ واقعے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ سے رپورٹ طلب کی۔ گورنمنٹ ٹیچنگ اسپتال کے ایم ایس نے بچوں کی ہلاکت کے بعد انکوائری کمیٹی بنا دی ہے۔