سرگودھا: مسیحائوں کی ہڑتال جاری، مریضوں کو شدید مشکلات

Emergency

Emergency

سرگودھا (جیوڈیسک) سول اسپتال سرگودھا میں ڈاکٹرز اور لیگی ایم این اے کے رشتہ داروں میں جھگڑے کا کوئی حل نہیں نکل سکا، انتظامیہ مذاکرات کروانے میں ناکام نظر آتی ہے جبکہ ڈاکٹرز کی جانب سے ایمرجنسی اور آئوٹ ڈور بند کیے جانے سے مریض بھی خوار پو رہے ہیں اور اب تک طبی امداد نہ ملنے سے 8 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

سرگودھا کا سول اسپتال تو آج کل سیاسی ایوان بنا ہوا ہے جس کا تمام خمیازہ بچارے مریضوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ ڈاکٹروں اور لیگی ایم این اے کے رشتے داروں کی کئی روز سے جاری لڑائی کے نتیجے میں اب تک چھے بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں لیکن انتظامیہ کو ذرا بھی احساس نہیں اور معاملہ ختم کرنے کے بجائے میٹنگز میں مصروف ہے۔ لیگی ایم این اے کے خلاف ڈاکٹرز نے احتجاجا ایمرجنسی، آئوٹ ڈور بند کرنے کے ساتھ اب تمام آپریشنز بھی ملتوی کر دیئے ہیں۔

لیگی ایم این اے حامد حمید عوامی خدمت کے دعوے تو بہت کر رہے ہیں لیکن رشتے داروں کی ڈاکٹرز سے لڑائی کو ختم کرنے کے بجائے طول دے رہے ہیں جس کے تمام نتائج غریب مریض بھگت رہے ہیں۔ تین روز سے اسپتال سیاسی اکھاڑا بنا ہوا ہے۔ کبھی ڈاکٹرز احتجاج کر رہے ہیں تو کبھی مریضوں کے لواحقین احتجاج شروع کر دیتے ہیں۔ ساری صورتحال کی نہ ہی سیستدانوں کو کوئی فکر ہے اور نہ ہی انتظامیہ کو کوئی پرواہ۔ ایمرجنسی ودیگر وارڈز بند ہونے سے مریض تڑپ تڑپ کر جانیں دے رہے ہیں۔