اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور و قومی سلامتی سرتاج عزیز آج ایک روزہ دورے پر افغانستان جائیں گے۔ وہ افغان قیادت کیساتھ ملاقاتوں میں پاکستان کی جانب سے 2 اہم پیغامات دیں گے اور پاکستان مخالف پروپیگنڈا بند کرنیکا مطالبہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کے حکام کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز افغان صدر اشرف غنی اور وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی سے ملاقاتیں کرکے اہم دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ افغانستان کی تعمیر نو اور اقتصادی بحالی سے متعلق علاقائی کانفرنس کے وزارتی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ ایک اعلیٰ پاکستانی سفارتکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا سرتاج عزیز اپنے دورے میں افغان قیادت کو پاکستان کی طرف سے 2 اہم پیغامات دیں گے۔
ایک پیغام یہ ہوگا کہ پاکستان کیخلاف سرکاری سطح پر ہونیوالا پروپیگنڈا فوری بندکیا جائے کیونکہ اس سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان بداعتمادی کی فضا بڑھ رہی ہے بلکہ کابل میں پاکستانی سفارتی عملے کو بھی سنگین خطرات ہوگئے ہیں اور وہ سفارتخانے تک محدود ہوکر رہ گیا ہے۔