اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان اور امریکا کا جنوبی ایشیاء میں چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرنے پر اتفاق۔ سرتاج عزیز نے امریکا پر خطے میں سٹریٹجک توازن قائم رکھنے پر زور دیا۔ جان مکین نے بھارت سے شراکت داری سے پاک امریکا دوستی متاثر نہ ہونے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
سنیٹر جان مکین کی سربراہی میں امریکی وفد کا کہنا تھا کہ انہوں نے شمالی وزیرستان کے دورے کے دوران آپریشن ضرب عضب کی کامیابیاں اپنی آنکھوں سے دیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور آئندہ برسوں میں بھی مضبوط رہیں گے، حالیہ امریکا بھارت معاہدوں سے یہ کسی صورت متاثر نہیں ہوں گے۔
اس موقع پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ چند ماہ میں امریکا سے پارٹنرشپ کو قائم رکھنے کی بھرپور کوششیں کیں۔ امریکا کے بھارت کی جانب حالیہ جھکاؤ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو جنوبی ایشیاء میں سٹریٹجک توازن برقرار رکھنا ہو گا۔
اس سے قبل سنیٹر جان مکین نے اپنے وفد کے ہمراہ شمالی وزیرستان کا دورہ بھی کیا۔ جان مکین اور ان کے وفد نے دہشتگردوں سے خالی کرائے گئے علاقے بھی دیکھے۔ امریکی وفد نے دہشت گردوں کے تباہ کئے گئے کمیونیکیشن انفراسٹچر اور خفیہ ٹھکانوں کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، وفد نے شمالی وزیرستان کو دہشتگردوں سے خالی کرانے پر پاک آرمی کی کامیابیوں کو سراہا۔