کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ڈی ایم سی کورنگی کے اشتراک سے کراچی ڈویژن شوٹنگ بال ایسوسی ایشن اور یوتھ ایمپاور منٹ سوسائٹی کے تعاون سے یوم دفاع پاکستان کی گولڈن جوبلی شوٹنگ بال ٹورنامنٹ سرور شہید کلب نے عزیز بھٹی شہید کلب کو 2-1گیم سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
احسان شاہ،یار محمد ،رضوان احمد،فاروق نادر،حسنین ،تاج میرانی ،اویس احمد اور ملک ناصر نے شاندار کھیل پیش کئے ۔ٹورنامنٹ کے اختتام پر تقسیم انعامات کی تقریب میں ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی کورنگی قرة العین میمن نے فاتح رنر اپ ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انفرادی انعامات تقسیم کئے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر قرة العین میمن نے کہاکہ ضلع کورنگی میں کھیل کے ہر شعبے کو فروغ دیا جائے گا عید الاضحی کے بعد شاہ فیصل کالونی میں انٹر ڈسٹرکٹ شوٹنگ بال ٹورنامنٹ ڈی ایم سی کورنگی انعقاد کرے گی۔
جس میں کراچی کی6اضلاع کی ٹیمیں شریک ہونگی ۔ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے اعلان کیا کہ غازی شوٹنگ بال کلب شاہ فیصل کالونی میں شائقین کیلئے 12بنچیں لگائی جائیں گی ۔قرة العین میمن نے شرکاء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنگ ستمبر 1965ء کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ آج شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے ہم ایک عظیم قوت بن گئے ہیں اس موقع پر انہوں نے کراچی ڈویژن شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کو ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔
اس موقع پر تقریب سے نیشنل بنک آف پاکستان کے اسپورٹس کوارڈینٹر حاجی غلام محمد خان نے بھی خطاب کیا اس موقع پر تقریب میں اسپورٹس آفیسر کورنگی ٹائون خالد نفیس ،سیکریٹری سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن قیصر جتوئی ،سنیئر نائب صدر سردار عبدالشکور تھیبو ،جوائنٹ سیکریٹری سندھ محمد عارف ،سیکریٹری کراچی محمد اجمل اور شمیم قریشی بھی موجود تھے تقریب کے اختتام پر ٹورنامنٹ آرگنائزر اعجاز احمد نے مہمان خصوصی ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن کو ضلع میں صحت مند سرگرمیوں کی سرپرستی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔