لاہور (جیوڈیسک) محکمہ موسمیات نے اتوار سے آئندہ ہفتے کے وسط تک ملک کے بالائی علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کی شام سے بدھ کے دوران اسلام آباد، فاٹا، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
جبکہ اتوار اور پیر کی صبح کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں ایک دو مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ منگل اور بدھ کے روز کوئٹہ، ژوب، ڈی آئی خان، ملتان اور ساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقے شدید گرمی کے زیر اثر رہے۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو، لاڑکانہ میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ شہید بینظیر آباد، جیکب آباد 48، رحیم یار خان، سبی 47 ، پڈعیدن ، روہڑی، سکھر 46، خانپور، نوکنڈی 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔