اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت سعودی امداد اور بحرینی حکومت سے کئے گئے تمام معاہدوں پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عوام دہشت گردی، بدامنی اور افراتفری سے مکمل طور پر تنگ آچکے ہیں، گزشتہ 11 برسوں سے جاری بدامنی اور انتہا پسندی نے ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے جس سے نکلنے کے لئے تحریک انصاف ہمیشہ سے ہی مذاکرات کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سمیت مذاکراتی عمل میں شامل تمام فریق کو اس کی کامیابی کے لئے سازگار ماحول بنانا ہوگا تاکہ ملک و قوم کو دہشت گردی کی اس یلغار سے نجات دلائی جاسکے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنگ بندی میں مزید توسیع کے لئے مشاورت جاری ہے، امید ہے کہ جلد ہی اس میں توسیع ہوجائے گی۔ طالبان سے مذاکرات پر سیاسی رہنماؤں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو کرکٹ کی چرح رواں تبصرے سے گریز کرنا چاہئیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بحرین سے کئے گئے معاہدوں اور سعودی امداد پر ایوان کو اعتماد میں نہیں لیا جس پر دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح تحریک انصاف کو بھی خدشات ہیں، اس لئے حکومت بحرین سے معاہدوں اور سعودی امداد کے اغراض و مقاصد پر ایوان کو اعتماد میں لے۔