سعودی ولی عہد اور امریکی وزیر دفاع کا رابطہ، ایران کے غیر ذمے دارانہ برتاؤ پر بات چیت

Muhammad bin Salman

Muhammad bin Salman

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) پینٹاگان کے ترجمان جون کیربی کے مطابق امریکی وزیر دفاع لائڈ آسٹن نے سعودی ولی عہد کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ بات چیت میں خطے کے لیے عدم استحکام کا باعث بننے والا ایرانی برتاؤ زیر بحث آیا۔ ساتھ ہی واشنگٹن کی جانب سے سعودی عرب کے اپنی سرزمین کے دفاع کی حمایت پر مبنی موقف بھی سامنے آیا۔

جون کیربی نے ایک بیان میں بتایا کہ آسٹن نے مملکت کے یمن میں سیاسی حل پر عمل پیرا رہنے کے حوالے سے سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر امریکی وزیر دفاع نے ایک بار پھر واشنگٹن اور ریاض کے درمیان تزویراتی دفاعی شراکت داری کی تصدیق کی۔ آسٹن نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ حملوں کی مذمت کی۔ انہوں نے باور کرایا کہ سعودی عرب کی سرزمین کے دفاع کے سلسلے میں امریکا مملکت کی مدد کرنے کا پابند ہے۔

ترجمان نے زور دیا کہ مشرق وسطی کے خطے میں علاقائی امن کے حوالے سے سعودی عرب کا کردار بنیادی سہارا ہے۔

وزیر دفاع آسٹن کے مطابق ایران کی جانب سے عدم استحکام کا باعث بننے والی سرگرمیوں کے مقابلے کے لیے امریکا اور سعودی عرب مشترکہ لائحہ عمل پر کاربند رہیں گے۔ اسی طرح خطے میں شدت پسند تنظیموں کو شکست سے دوچار کرنے کے لیے کام کیا جائے گا.