ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کی وزارت لیبر و سماجی ترقی نے مزدور پیشہ افراد کی بہبود اور ان کی صحت و حفاظت کے پیش نظر 10رمضان المبارک 15جون 2016 سے 14ذی الحجہ 15ستمبر تک دھوپ میں محنت مزدوری کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
سعودی وزارت لیبر کے سیکریٹری برائے ماحولیاتی بہبود ڈاکٹر فہد عبداللہ العویدی نے ایک بیان میں بتایا کہ کام کاج کی پابندی کا اطلاق کڑی دھوپ کے اوقات میں ہوگا، حکومت نے مزدوروں کی بہبود اور ان کی صحت و سلامتی کے پیش نظر دن 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک پابندی عائد کی ہے، پابندی کا اطلاق 15ستمبر تک رہے گا، اس کے بعد موسم معتدل ہونا شروع ہو جائے گا اور دھوپ میں کام کاج کرنے میں کوئی دقت پیش نہیں آئے گی۔
ڈاکٹر فہد عبداللہ العویدی نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے تیل اور گیس کی فیلڈ میں کام کرنے والی کمپنیوں اور ایمرجنسی سروسز کے شعبوں میں کام کرنے والے افراد مستثنیٰ ہوں گے تاہم انھیں بھی تاکید کی جاتی ہے کہ وہ اپنی صحت و سلامتی کا خیال رکھیں، ڈاکٹر العویدید نے لیبر کے ذریعے کام کرنے والے اداروں اور کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ حکومت کے وضع کردہ نظام الاوقات کی سختی سے پابندی کو یقینی بنائیں ۔