اسلام آباد (جیوڈیسک) سعودی عرب میں زیرتعمیر عمارت گرنے سے 6 پاکستانی جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے جب کہ 2 مزدور تاحال ملبے تلے دبے ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی القاسم یونیورسٹی کے کنونشن سینٹر کی زیرتعمیر عمارت پیر کے روز منہدم ہوئی جس میں کام کرنے والے 6 پاکستانی مزدور ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوئے جب کہ 7 زخمی ہیں جنہیں قریبی اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ ملبے تلے اب بھی دو پاکستانی موجود ہیں جنہیں نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ریاض میں موجود پاکستانی سفارتخانے کے حکام القاسم یونیورسٹی حکام سے رابطے میں ہیں اور زخمیوں کو دی جانے والی طبی امداد کی دیکھ بھال کر رہے ہیں جب کہ لاشوں کو پاکستان منتقل کرنے کے حوالے سے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ منازل کنسٹرکشن کمپنی کے متاثرہ ملازمین کے اہل خانہ ریاض میں پاکستانی سفارتخانے سے درج نمبروں پر رابطہ کر سکتے ہیں۔