الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں وزارتِ صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 2565 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے اور کووِڈ-19 کے مرض میں مبتلا مزید 40 افراد وفات پا گئے ہیں۔
سعودی وزارتِ صحت کے حکام نے ہفتے کے روز بتایا ہے کہ مملکت میں اب کرونا وائرس سے وفات پانے والے افراد کی تعداد 2447 ہوگئی ہے اور کل مریضوں کی تعداد 248416 ہوگئی ہے۔
وزارتِ صحت نے آج مزید 3057 مریضوں کے صحت یاب ہونے کی اطلاع دی ہے اور اب تک تن درست ہونے والے مریضوں کی تعداد 194218 ہوگئی ہے۔
مکہ مکرمہ میں آج سب سے زیادہ 224کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔اس کے بعد دارالحکومت الریاض میں 212 ، جدہ میں 189 اور الہفوف میں 182 کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
وزارت صحت نے بتایا تھا کہ مملکت میں کرونا وائرس کی وَبا پرقابو پانے کے لیے روزانہ 65 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔مارچ میں اس وَبا کے آغاز کے وقت قریباً 1000 ٹیسٹ کیے جارہے تھے۔
گذشتہ ہفتے سعودی عرب نے کرونا وائرس کے خطرے کی سطح کم کردی تھی۔سعودی عرب میں گذشتہ دو ہفتے کے دوران میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور اس طرح اس وائرس کے خطرے کی سطح میں کمی واقع ہوئی ہے۔
اس کی نشان دہی عالمی ماہرین پر مشتمل ٹیموں کے وضع کردہ نقشے سے ہوئی ہے۔ ہارورڈ یونیورسٹی کے گلوبل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ اور ایڈمنڈ جے سفرا مرکز برائے اخلاقیات کی ٹیموں نے دنیامیں کرونا وائرس کے پھیلنے کے رجحانات کی نشان دہی کے لیے یہ نقشہ وضع کیا تھا۔
تحقیقی ماہرین کے فراہم کردہ ڈیٹا کے مطابق جولائی کے اوائل میں سعودی عرب میں کرونا وائرس کے پھیلنے کی سطح نارنجی تھی۔یہ دوسری اعلیٰ ترین سطح ہے۔اس کا یہ مطلب ہے کہ ملک میں وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔
تاہم 13 جولائی کو سعودی عرب میں کرونا وائرس کے پھیلنے کی سطح زرد (ییلو) کردی گئی تھی۔یہ نارنجی سے ایک درجہ کم ہے اور دوسرا کم ترین درجہ ہے۔