الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے 695 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے،اس طرح گذشتہ ایک ہفتے کے دوران میں کووِڈ کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں ایک سوکا اضافہ ہوگیا ہے۔گذشتہ جمعرات کو 590 کیسوں کی تصدیق ہوئی تھی۔
سعودی وزارت صحت کے مطابق اب مملکت میں کووِڈ-19 کے کل تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 393377 ہو گئی ہے۔ان میں 6704 مریض وفات پا چکے ہیں۔
دارالحکومت الریاض میں سوموار کو بھی سب سے زیادہ 289 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔مکہ مکرمہ میں 151،صوبہ مشرقی میں 108 ، مدینہ منورہ میں 29 اور عسیر میں21 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔
وزارتِ صحت نے مزید بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں مزید 489 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔اس طرح اب تن درست ہونے والے کل مریضوں کی تعداد 380305 ہوگئی ہے۔
مزید برآں سعودی عرب میں اب تک 50 لاکھ سے زیادہ افراد کو کووِڈ-19 کی ویکسین لگائی جا چکی ہے۔مملکت کے مختلف علاقوں میں ویکسین لگانے کے لیے 587 مراکز قائم کیے گئے تاکہ تمام شہریوں اور مکینوں تک کووِڈ-19 کی ویکسین کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔