لاہور : سربراہ تحریک صراط مستقیم پاکستان ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کاہنہ نومیں تحفظِ کعبہ وگنبدِ خضریٰ مہم کے دوران ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارض القرآن ہمارے لئے مرکزِ ایمان ہے، جس پر ہماراسب کچھ قربان ہے۔
سعودی عرب اور اتحادیوں کی طرف سے فضائی حملے ختم کرنا نیک شگون ہے اور مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے لئے مثبت پیش رفت ہے۔ مگر یمن بحران کا پائیدار حل نکالنے کے لئے حوثیوں اور سعودی حکام کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کچھ جماعتیں حرمین شریفین سے اپنی فرقہ وارانہ وابستگی کا اظہار کر کے حرمین شریفین کے تحفظ جیسے مقدس کاز، کو متنازعہ بنا رہی ہیں۔ حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے اپنے ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر اخروی نجات کے لیے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
حرمین کے لیے ہمارے ملک کے شریفین سعودی حکمرانوں سے مل کر صرف قرار داد کا ابہام ہی دور نہ کرتے رہیں ۔بلکہ جنگ بندی کاکچھ انتظام بھی کریں اور سعودی حکمرانوں کو جنگ کا انجام بھی بتائیں ۔حدیث نبوی کے مطابق ہمیں ظالم اور مظلوم دونوں کی مدد کاحکم دیا گیا ہے مظلوم کی مدد تو یہ ہے کہ اسے ظالم کے ظلم سے بچایا جائے اور ظالم کی مدد یہ ہے کہ اسے ظلم کرنے سے باز رکھا جائے ۔ اجتماع میں تحریک صراطِ مستقیم پاکستان کے رہنما مولانا محمد ندیم جیلانی، مولانا محمد اشرف ضیائ، حاجی محمد مظفر حسین، سید نذر عباس شاہ اور دیگر موجود تھے۔