الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کا شکار پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ سعودی وزارت صحت نے مزید 382 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے اور اب مملکت میں کل کیسوں کی تعداد 4033 ہوگئی ہے۔ دوسری طرف محکمہ صحت نے کرونا کے متاثرہ مریضوں کے علاج کے لیے تمام ممکنہ طریقے اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کرونا کے صحت یاب ہونے والے مریضوں کے بلڈ پلازما سے بھی اس وباء کا شکار ہونے والے افراد کا علاج کیا جا رہا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت صحت کے ترجمان محمد العبد العالی نے بتایا کہ 4033 متاثرین میں 3261 خطرے سے باہر ہیں جب کہ 67 کی حالت انتہائی تشویشناک ہے اورا نہیں آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔ گذشتہ روز مزید 35 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 720 ہوگئی ہے۔
سعودی وزارتِ صحت نے ہفتے کے روز ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ مکہ مکرمہ میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ ان کی تعداد 131 ہے۔ اس کے بعد مدینہ منورہ میں 95، دارالحکومت الریاض میں 76 اور جدہ میں 50 کیسوں کی تصدیق کی گئی ہے۔الدمام میں 15، ینبع میں پانچ، سبت العلایہ اور الہفوف میں تین، تین نئے کیسوں کا اندراج کیا گیا ہے۔
وزارت صحت کے مطابق سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کا شکار 720 افراد تن درست ہوچکے ہیں۔سعودی شہری کرونا وائرس سے متعلق معلومات کے لیے وزارت صحت کے فراہم کردہ نمبر 937 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ بیرون ملک پھنسے شہریوں کی محفوظ واپسی کی کوششیں جاری ہیں۔ دوسرے ملکوں سے ہوائی جہازوں اور زمینی راستوں سے بھی لانے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اب تک بیرون ملک سے 1639 سعودی شہریوں کو وطن واپس لایا گیا ہے۔