سعودی عرب میں کرونا وائرس کے 67 نئے کیسوں کی تصدیق، کل تعداد 238 ہو گئی

Coronavirus Checking

Coronavirus Checking

الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت صحت نے کرونا وائرس کے 67 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔اس کے بعد مملکت میں اس مہلک وائرس کا شکار افراد کی تعداد 238 ہوگئی ہے۔

وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان نئے مریضوں میں 45 افراد دو روز پہلے ہی برطانیہ ، ترکی ، اسپین سوئٹزرلینڈ ، فرانس ، انڈونیشیا اور عراق سے سعودی عرب پہنچے تھے۔ان افراد کو تشخیص کے بعد الگ تھلگ کردیا گیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی جانب سے جاری کردہ اس بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ان میں 11 افراد کرونا وائرس کے پہلے سے متاثرین سے میل ملاپ کی وجہ سے اس مرض میں مبتلا ہوئے ہیں۔

نئے کیسوں میں 19 کا تعلق دارالحکومت الریاض ،23 کا مشرقی صوبہ ،13 کا ساحلی شہر جدہ ،11 کا مکہ مکرمہ اور ایک کا صوبہ عسیر سے ہے۔

وزارت صحت نے مزید کہا ہے کہ مملکت میں ایک قرنطینہ مرکز میں زیر علاج چھے افراد تن درست ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی حکومت نے مہلک کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مملکت بھر میں مساجد میں جمعہ اور روزانہ کی پنج وقت نمازوں کی ادائی معطل کردی ہے لیکن مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا اور وہاں بدستور نمازوں کی ادائی جاری رہے گی۔البتہ الحرمین الشریفین احتیاطی تدابیر کے تحت بعض اور قدغنیں عاید کی گئی ہیں۔