سعودی عرب : کرونا وائرس کے 4267 نئے کیس ریکارڈ ،41 مریضوں کی وفات

Saudi Arabia - Coronavirus

Saudi Arabia – Coronavirus

الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 4267 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں جبکہ پہلے سے اس مہلک وَبا کا شکار 41 مریض چل بسے ہیں۔

سعودی وزارت صحت نے منگل کے روز بتایا ہے کہ اب مملکت میں کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد 136315 ہوگئی ہے۔ان میں 1052 مختلف پیچیدگیوں کا شکار ہو کر وفات پا چکے ہیں۔

دارالحکومت الریاض میں ایک مرتبہ پھر سب سے زیادہ کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے،ان کی تعداد 1629 ہے۔جدہ میں 477 اور مکہ مکرمہ میں 224 نئے کیسوں کی تصدیق کی گئی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق کووِڈ-19 کے کیسوں کی تعداد میں روزبروز اضافے کے ساتھ تن درست ہونے والے مریضوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔آج 1650 مزید مریض شفا یاب ہوگئے ہیں اور اب کل صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 89540 ہوگئی ہے۔