سعودی عرب: کرونا وائرس کا شکار آٹھ افراد کی وفات، 1552 نئے کیسوں کی تصدیق

Saudi Ministry of Health

Saudi Ministry of Health

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کا شکار آٹھ افراد وفات پا گئے ہیں اور سعودی وزارت صحت نے 1552 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔

سعودی عرب میں اب کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد 27011 اور متوفیٰ افراد کی تعداد 184 ہوگئی ہے۔وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے بتایا ہے کہ نئے تشخیص شدہ کیسوں میں 19 فی صد سعودی شہری ہیں اور 81 فی صد غیرملکی ہیں۔

انھوں نے کرونا وائرس کے نئے کیسوں کی صنفی شناخت اور عمروں کی تفصیل بھی جاری کی ہے اور بتایا ہے کہ ان میں 16 فی صد خواتین اور 84 فی صد مرد حضرات ہیں۔کرونا وائرس کا شکار ہونے والے نئے مریضوں میں صرف دو فی صدضعیف العمر ہیں،پانچ فی صد بچے ہیں جبکہ بالغوں اور ادھیڑ عمر افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور کل تعداد کا 93 فی صد ہیں۔

انھوں نے نیوزکانفرنس میں مزید بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں وفات پانے والے آٹھ افراد میں دو سعودی شہری ہیں۔ وہ الدمام اور جدہ سے تعلق رکھتے تھے۔چھے متوفیٰ غیر سعودی ہیں۔ وہ مکہ مکرمہ ، الریاض اور مدینہ منورہ میں رہ رہے تھے۔

ان متوفیوں کی عمریں 32 سے 84 سال کے درمیان تھیں اور ان میں بیشتر پہلے بھی مختلف دائمی امراض کا شکار تھے۔

نئے رپورٹ کیے گئے کیسوں میں 245 کا تعلق جدہ ، 221 کا مکہ مکرمہ ، 156 کا الجبیل،150 کا الدمام ،139 کا مدینہ منورہ، 111 کا بیش اور 109 کا تعلق الریاض سے ہے۔باقی کیس سعودی عرب کے دوسرے شہروں اور صوبوں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

ترجمان نے گذشتہ روز بتایا تھا کہ ٹیسٹوں کی شرح میں اضافے کی وجہ سے مملکت میں روز بروز کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے اور اب تک 4134 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔