اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سفارت کاروں کا بھی کڑا احتساب کیا جائے گا اور سعودی عرب میں جن سفارت کاروں کی شکایات ملی ہیں انہیں واپس بلانےکا فیصلہ کیا ہے۔
دبئی میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایسے سفارت کار نہیں چاہئیں جن کی شکایات موصول ہوں اور کمیونٹی ان سے ناخوش ہو۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار ہو چکا ہے، اوورسیز پاکستانی 10 ماہ سے ہر ماہ 2 ارب ڈالرز کا زرمبادلہ بھیج رہے ہیں، سفارتی مشنز اوورسیز کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں کوتاہی نہ کریں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سیاحت کو فروغ دے رہا ہے، شمالی علاقہ جات میں انفرا اسٹرکچرکو بہتر بنایا جا رہا ہے جس سے ناصرف لوگوں کا اعتماد بڑھ رہا ہے بلکہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
خیال رہے کہ وزیر خارجہ خارجہ شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات کے دورےپر ہیں جہاں وہ یو اے ای کے ہم منصب سمیت اعلیٰ اماراتی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، وزیر خارجہ یو اے ای کے بعد ایران اور ترکی کے دورے پر بھی جائیں گے۔