جدہ (جیوڈیسک) سعودی عرب میں ایک ہندوستانی شہری کو خانہ کعبہ کی توہین کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ہندوستانی شہری کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر مسلمانوں کے مقدس مقام خانہ کعبہ کا توہین آمیز خاکہ شائع کرنے کے جرم میں گزشتہ ماہ پولیس نے ایئرپورٹ سے گرفتار کیا۔
مذکورہ شخص نے اس بات کا اعتراف کیا کہ فیس بک اکاؤنٹ اس کا ہے، تاہم اس کا کہنا تھا کہ اس نے کسی دوسرے فیس بک اکاؤنٹ پر یہ تصویر دیکھی، جسے مکمل طور پر دیکھنے کے لیے اسے لائیک کرنے کی شرط عائد تھی۔ تصویر لائک کرنے پر خود بخود اس کے فیس بک اکاؤنٹ پر اپ لوڈ ہوگئی۔
تصویر میں دکھایا گیا ہے کہ خانہ کعبہ پر ہندو دیوتاؤں کی تصاویر چسپاں کی گئی ہیں۔ اس حوالے سے تفتیش جاری ہے کہ آیا ملزم نے گستاخانہ خاکہ شائع کرکے سائبر کرائمز کے حوالے سے سعودی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے یا نہیں۔
سعودی عرب کے سائبر قوانین کی رو سے مذہبی جذبات کو بھڑکانے والے مواد کی اشاعت و ترسیل پر 5 سال قید اور 3 ارب سعودی ریال جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ ہندوستانی شہری کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم وہ جدہ کی ایک کیٹرنگ کمپنی میں ملازمت کر رہا ہے۔