ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 5 افراد کو ہلاک اور 9 کو زخمی کر دیا۔
سعودی عرب کے مشرقی صوبے کے ضلعے الاحسا کے گاؤں الدلوا میں ماسک پہنے 3 نامعلوم افراد نے ایک عمارت سے باہر نکلنے والے افراد پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتجے میں 5 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے۔
امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال میں منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور بہت جلد ملزموں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی بغاوت کے الزام میں مقامی رہنما نمر النمر کو پھانسی دینے کے بعد الاحسا کے علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی تھی اور النمر کی پھانسی کے بعد مشتعل افراد نے گشت پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی تھی جب کہ تیل کی لائن کو بھی آگ لگا دی تھی۔