ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب میں عازمین حج کیلیے اربوں ڈالر کی لاگت سے تیار ہونیوالے ریاست کے پہلے نجی ایئرپورٹ کو باقاعدہ طورپر کھولنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔
کنگ سلمان بن عبدالعزیز مدینہ منورہ میں پرنس محمدبن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کاافتتاح کریں گے۔ ہرسال 2 ملین سے زائدعازمین، حج کامقدس فریضہ سرانجام دینے کے لیے مکہ اور مدینہ کادورہ کرتے ہیں۔
ایئرپورٹ آپریٹرکی ویب سائٹ کے مطابق مسجد نبوی ﷺ آنے والوں کے لیے ہوائی سفرکو بہتربنانے کی غرض سے مدینہ کے ڈومیسٹک ایئرپورٹ کواربوں ڈالرکے اخراجات سے انٹرنیشنل معیارکے مطابق اپ گریڈ کیا گیا۔
واضح رہے کہ اکتوبر2011 میں تیباہ ایئرپورٹ ڈیولپمنٹ کمپنی نے بولی جیت کرسعودی عرب کے ایوی ایشن ریگولیٹرادارے جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن(جی اے سی اے) کے ساتھ ایئرپورٹ کی تعمیر، منتقلی اورچلانے کے معاہدے پردستخط کیے تھے۔ کنسورشیم میں ترکی کے ٹی اے وی ایئر پورٹس کے ساتھ ساتھ مقامی کمپنیاں الراجھی اورسعودی اگربھی شامل ہیں۔