سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کے ایئرڈیفنس نے کل اتوار کے روز یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی طرف سے مملکت کے جنوبی علاقے خمیس مشیط پر بمبار ڈرون طیارے سے حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔
عرب اتحاد کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ حوثی ملیشیا نے اتوار کے روز ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت خمیس مشیط میں عام شہریوں کو جانی اور مالی نقصان پہنچانے کے لیے بمبار ڈرون سے حملے کی کوشش کی تھی جسے ناکام بنا دیا گیا ہے۔
قبل ازیں ہفتے کو عرب اتحادی فوج نے حوثی ملیشیا کی طرف سے سعودی عرب کے جنوبی علاقوں پر حملوں کے چھوڑے 6 بمبار ڈرون تباہ کردیے تھے۔ اس طرح چوبیس گھنٹوں کےدوران مجموعی طور پر17 بمبار ڈرون طیاروں کو تباہ کیا گیا۔
سعودی عرب کی پریس ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق عرب اتحاد نے حوثی ملیشیا کے ڈرون طیاروں کو یمن کی فضائی حدود میں نشانہ بنا کر تباہ کیا۔