ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب میں قید 4 ہزار پاکستانیوں کی واپسی شروع ہوگئی ہے، غیر قانونی قیام کے ملزم سیکڑوں قیدی جدہ جیل سے رہائی کے بعد کراچی پہنچ گئے ہیں، باقی تمام قیدیوں کو دو دن کے اندر آوٴٹ پاس جاری کر دیے جائیں گے۔
سعودی عرب کی مختلف جیلوں میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی شروع ہوگئی،پہلے مرحلے میں جدہ جیل میں قید سات سو پاکستانی قیدیوں کو کراچی روانہ کردیا گیا ہے، ان خیالات کا اظہار سعودی عرب میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل آفتاب کھوکھر نے جدہ میں صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ افراد سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے، جنھیں سعودی اہل کاروں نے تفتیش کے دوران گرفتار کیا تھا، انھوں نے کہا کہ مغربی ریجن کی جیلوں میں اس وقت مختلف جرائم میں سات سو پاکستانی قید ہیں، جبکہ شمیسی جیل مکہ مکرمہ میں وطن واپسی کے منتظر چار ہزار چار سو پاکستانیوں میں سے دو ہزار کو آوٴٹ پاسز جاری کر دیے گئے ہیں اور باقی رہ جانے والوں کو بھی 2 دن کے اندر آوٴٹ پاس جاری کر دیے جائیں گے۔