کراچی (اسٹاف رپورٹر) محب وطن روشن پاکستان کے قائدوچیئرمین امیر پٹی نے سعودی عرب ایران کشیدگی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عصری تقاضوں کے مطابق بنائے جانے والے اسلامی ریاستوں کے عسکری اتحاد کی مسلکی بنیادوں پر تشکیل سے یہ بات واضح ہوگئی تھی کہ اسلام دشمن بڑی چالاکی سے اسلامی عسکری اتحاد کے نام پر مسلم امُہ میں پیدا ہونے والی اتحاد و یکجہتی کی سوچ و شعور کو ہائی جیک کرکے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل میں کامیاب ہوجائیں گے۔
قرائن بتارہے ہیں کہ یہ خدشات درست ثابت ہونے جارہے ہیں کیونکہ مسلم ریاستی عسکری اتحاد ہی اسلامی ممالک کے درمیان نفاق کا باعث بن رہا ہے اور اس اتحاد کی تشکیل میں مسلک پرستانہ سوچ نے مسلم اُمہ کو دودھڑوں میں بانٹنے کا آغاز کردیا ہے جو اس بات کا مظہر ہے کہ مستقبل میں حق و باطل اور کفر و ایمان کے درمیان جنگ نہیں ہوگی۔
بلکہ مسلک کے نام پر مسلمان کا گلا کاٹنے والا مسلمان اب اس جنگ کو ریاستی بنیادوں پر لڑنے جارہا ہے اور دنیا اسلام و کفر ‘ سپر پاورز ‘سرمایہ داری ‘ امیر وغریب اور ترقی یافتہ و پسماندہ بلاکوں میں بٹنے کے بعد ا ب مسلم مسلکی بلاکوں میں بھی بٹنے جارہی ہے جو پاکستان کے مستقبل کیلئے انتہائی خطرناک ہوگا کیونکہ اس صورتحال میں پاکستان کی پوزیشن انتہائی نازک ہوجائے گی اور مسلک پرستی کی بنیاد پر کیا گیا معمولی سا غیر ذمہ دارانہ فیصلہ ہمارے مستقبل کو اسی طرح تباہی و بربادی سے دوچار کردیگا جس طرح روس کیخلاف امریکہ کا ساتھ دینے کا خمیازہ ہم آج بھگت رہے ہیں۔