ریاض (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف ایران اور سعودی عرب کے درمیان مصالحتی مشن پر ریاض پہنچ گئے ہیں۔ کنگ سلمان ہوائی اڈے پر ریاض کے گورنر نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس میں خطے کی صورتحال سمیت اہم معاملات پر گفتگو کی گئی۔
بعد ازاں وزیراعظم محمد نواز شریف نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ساتھ اہم ملاقات کی جس میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر خصوصی گفتگو کی گئی۔
دوسری جانب آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی سعودی وزیر دفاع سے اہم ملاقات ہوئی جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ ملاقات میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی پر بھی بات چیت کی گئی۔
آرمی چیف نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر پاکستان کا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے حالات کے باعث امت مسلمہ کمزور ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان رابطے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔