الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں ایک فوجداری عدالت نے سخت گیر جنگجو گروپ داعش سے وابستہ تین دہشت گردوں کو سزائے موت کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے انھیں ساحلی شہر جدہ میں پولیس پر حملے کے جرم میں قصور وار قرار دیا تھا۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے 2017ء میں جدہ میں داعش کے جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاع پا کر ایک مکان کا محاصرہ کر لیا تھا۔اس کے بعد مکان میں چھپے ہوئے دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا اوراس دوران میں دو دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ان دہشت گردوں نے داعش کی حمایت کی تھی۔وہ سعودی سکیورٹی فورسز پر قاتلانہ حملوں اور جدہ شہر میں سکیورٹی ہیڈ کوارٹرز پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔
واضح رہے کہ 2014ء کے بعد داعش کے جنگجوؤں نے اپنی تنظیم کے سابق مقتول سربراہ ابوبکر البغدادی کے حکم پر سعودی عرب میں دسیوں حملے کیے تھے۔البغدادی نے سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے اپنے حامیوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ شام اور عراق میں آنے کے بجائے اپنے ہی ملک میں کارروائیاں کریں۔